مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے رہبر شہید انقلاب کی تاریخی تشییع کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد شہید امت سمیت ایران کے شہداء کے قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے اور الٰہی وعدہ ضرور پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رہبر شہید کی جدائی کا غم پوری قوم کے لیے نہایت دردناک ہے، تاہم ایرانی عوام نے اس عظیم سانحے کو اتحاد، شعور اور انقلابی عزم میں بدل دیا اور اسلامی ایران اور عالم اسلام کی کامیابی کی جانب سفر کو مزید تیز کر دیا۔
قالیباف نے کہا کہ گزشتہ 47 برس سے ایرانی عوام انقلاب کے محافظ اور حامی رہے ہیں، جبکہ گزشتہ چار ماہ کے دوران عوام نے ہر رات امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا کر قائد شہید کے قاتلوں سے اپنی نفرت کا اظہار کیا اور انتقام کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کی سرزمین پر حملہ کرنے والے اور قائد شہید امت سمیت تمام شہداء کے قاتل اپنے جرائم کی سزا ضرور پائیں گے، جبکہ مستکبر طاقتوں سے حتمی انتقام مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کے ساتھ مکمل ہوگا۔
اسپیکر پارلیمنٹ نے کہا کہ عوام نے اپنے رہبر کو الوداع کہتے ہوئے ولی فقیہ حضرت آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای سے تجدید بیعت کی اور ثابت کر دیا کہ وہ انقلاب اور شہداء کے راستے سے ایک لمحے کے لیے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی جمہوریہ ایران اپنی عوامی حمایت کی بدولت مضبوط اور پائیدار ہیں اور انہیں شکست دینا ممکن نہیں۔
قالیباف نے مزید کہا کہ ایرانی قوم مکتب امام حسینؑ اور ائمہ انقلاب کی تربیت یافتہ ہے، اسی لیے اس نے رہبر شہید کی قیادت کے طویل دور میں جہاد، مزاحمت اور استقامت کی روح کو برقرار رکھا اور عالمی استکبار کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی دفاع، سفارت کاری، مذاکرات اور عوام کی معاشی مشکلات کے حل سمیت ہر میدان میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی، جبکہ رہبر شہید کی ہدایات کے مطابق عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ